اس دنیا کی لگ بھگ نصف آبادی بناتِ حوا پر مشتمل ہے۔ انسانی معاشرے میں بنات حوا کی اہمیت کسی بھی طرح مردوں سے کم نہیں۔ اسلام نے عورت کو بہت سارے حقوق عطا فرمائے ہیں۔ اسلام سے قبل عورت کی کوئی حیثیت تھی نہ مقام۔ وہ پیدا ہوتی تو اسے باعث عار سمجھا جاتا بلکہ بعض بد بخت تو اسے زمین میں زندہ گاڑ دیتے۔ مگر اسلام نے اسے ایک ماں، بیٹی، بہن اور بیوی کی صورت میں نہایت مکرم اور معزز مقام عطا فرمایا۔ اسے حق وراثت اور حق ملکیت عطا فرمایا۔مصنف نے جب تاریخ کا مطالعہ کیا تو بعض واقعات اور کہانیاں جو بلکل سچی تھیں، اس قدر مؤثر اور سبق آموز تھیں کہ اُنکا جی چاہا کہ انکو اپنی بہنوں اور بیٹیوں تک پہنچا دیں۔ ان واقعات کو پڑھنے کے بعد خواتین میں ایک نیا شعور پیدا ہوگا، انھیں اپنی حیثیت اور ذمہ داریوں سے آگاہی حاصل ہوگی اور وہ مجرمانہ ذہنیت کے حامل چال باز لوگوں کی چکنی چپڑی باتوں میں آنے سے محفوظ رہیں گی۔
-
اسلام نے غیروں کی مشابہت اور نقالی سے سختی کےساتھ منع فرمایا ہے ۔ مگر اب نقالی کی یہ عادت اتنی پختہ ہوگئی ہے کہ اسے غلط اور گناہ سمجھنا بھی چھوڑ دیا گیا ہے۔انہی امورِمتروکہ میں ایک مسئلہ لباس، پردہ ومعاشرت کا ہےحالانکہ انسانی معاشرت میں لباس کی بڑی اہمیت ہے ۔ اسی سے کسی قوم یا کسی مذہب کے ماننے والوں کا تشخص قائم ہوتا ہے اور برقرار رہتاہے ۔ زیر نظرکتاب’’ لباس اور پردہ‘‘ کا پہلا حصہ لباس ہی کےاحکام ومسائل اور آداب پر مشتمل ہے جو مفسر قرآن حافظ صلاح الدین یوسف کامرتب شدہ ہے ۔ اور دوسرا حصہ پردہ کےموضوع پر سعودی عرب کے جید عالم دین شیخ صالح العثیمین کا ہے اوراس سلیس ورواں اردو ترجمہ عالمِ اسلام کے ممتاز سکالر محترم جناب ڈاکٹر حافظ عبدالرشید اظہر نے کیا۔ جسے دار السلام نے یکجا شائع کیا ہے۔یہ کتاب اپنے موضوع پر نہایت مفید کاوش ہے اور ایک منفرد اندازکی حامل ہے۔اللہ تعالیٰ مؤلفین وناشرین کی اس کاوش کو قبول فرمائے اوراسے عالمِ اسلام کی سیدات مومنات کےلیے فائدہ مند بنائے -
چودہ صدیاں پہلے خاتم النبیین ﷺ نےعورتوں کے حقوق اوراحترام کے تحفظ کا جو چارٹر عطا، اس کےبغیر ہم ان کے سماجی اورمعاشرتی ربتے میں اضافہ نہیں کرسکتے۔ شریعت نے عورتوں کی صنفی اورمعاشرتی حیثیت کی مناسبت سےان کےجو امتیازی مسائل بیان کیے ہیں۔ ان میں بہت سے حکمتیں اور فوائد شامل ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب ’’خواتین کے امتیازی مسائل‘‘ممتاز دینی مفکر مفسر قرآن محترمحافظ صلاح الدین یوسف کی تصنیف ہے۔عبادت، وراثت، شہادت اور نکاح وطلاق کے علاوہ دیگر مسائل پر عورتوں کےامتیازی حقوق کےسلسلے یہ بلند پایہ تحقیقی کتاب ہے۔ یہ کتاب ایک طرف اسلام کےمعاشرتی نظام میں عورت کی اہمیت اورعظمت پر روشنی ڈالتی ہے اوردوسری طرف ان کےمسائل پر شریعت کی حکمت وافادیت بھی واضح کرتی ہے۔ اس کےبرعکس مغربی تہذیب نے عورت کو جس طرح رُسوا کیا ہے وہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ۔ ہم سب کی فلاح اسلام کےدامن میں ہے ہمیں مغربی تہذیب کو یکسر خیر باد کہہ دینا چاہیے اوراسلام کی فلاحی تعلیمات کےمطابق زندگی بسر کرنی چاہیے۔ یہ کتاب اسی دعوت کی آئینہ دار ہے